منگلورو 9/جولائی (ایس او نیوز)وزیر غذا جناب یوٹی قادر نے ضلع جنوبی کینر ا میں عوام سے امن بحال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے لئے تمام مذہبی اور سیاسی رہنماؤں کو انسانیت کی بنیاد پر متحد ہوکر کام کرنا چاہیے۔
قادر نے کہا کہ ضلع میں شانتی اور محبت کا ماحول خراب کرنے کی کوششیں جو شرپسند کررہے ہیں، وہ کامیاب نہیں ہونگی۔ مجرموں کو ان کے جرائم کی سزا دلوانے کے سلسلے میں حکومت پوری طرح پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حال کے دنوں میں جن دو نوجوانوں کا قتل ہوا ہے وہ دو الگ الگ تنظیموں کے رضاکار ہونے کے باوجود دونوں کسی بھی قسم کی مجرمانہ کارروائیوں میں شریک نہیں تھے۔ ان دونوں کے خاندانوں کو سرکار کی طر ف سے ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
اسی کے ساتھ یوٹی قادر نے بی جے پی لیڈر سدانند گوڈا اورشوبھا کردندلاجے کے ان بیانات کی بھی مذمت کی جس میں ریاستی حکومت پر بے جا تنقید کی گئی تھی اور یوٹی قادر اورضلع انچارج وزیررماناتھ را ئے کے خلاف الزام تراشی کی گئی تھی۔ یوٹی قادر نے کہا ضلع میں امن وشانتی بنائے رکھنا ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے اور سب لوگوں کو اس میں تعاون کرنا چاہیے۔ اس کے بجائے لاشوں کو سامنے رکھ کر سیاست کرنا اچھی بات نہیں ہے۔